پیارے بچو!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ!
ہم ہر سال یومِ دفاع و شہداء بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں۔ یہ دن ہمیں ان عظیم شہداء اور غازیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہمارے دلوں پر اپنے انمٹ نقوش چھوڑ دیے۔ اس دن پوری قوم اور مسلح افواج اس عہد کی تجدید کرتی ہیں کہ شہداء وطن کی عظیم روایات کو ہمیشہ زندہ رکھا جائے گا اورپاکستان کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
ساتھیو! تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل وقت آیا، ہماری بہادر مسلح افواج مضبوط چٹان کی طرح قوم کی ڈھال بن گئیں۔ جب کبھی دشمن نے مادرِ وطن پر میلی نگاہ ڈالی تو انہوں نے جرأت، شجاعت اور فرض شناسی سے اسے عبرت کا نشان بنا دیا۔ ان کے کارنامے ہمارے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ بنے رہیں گے، جن کی روشنی میں ہماری نئی نسل جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہے گی۔
اس شمارےمیں ہم نے افواجِ پاکستان کے ان جانبازوں کے شاندار کارناموں کو اجاگر کیا ہے جنہوں نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک وطن کی حفاظت کے لیے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔ ان سپوتوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کی بھی پروا نہ کی اور ایسی لازوال داستانیں رقم کیں جن پر پوری قوم ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔ ان کی بے مثال شجاعت، فرض سے وفاداری اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز ’’نشانِ حیدر‘‘سے نوازا گیا۔
وطن کی حرمت پر قربان ہونے والے تمام شہداء کی جھلک ان کے روشن چہروں میں دیکھی جاسکتی ہے۔ان کی آنکھوں کی چمک اس بات کی گواہ ہے کہ وطن سے محبت صرف ایک جذبہ نہیں بلکہ ایثاروقربانی سےبھرپور ایک عظیم ذمہ داری بھی ہے۔ ہماری مسلح افواج اسی جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ وطن کی حفاظت میں مصروفِ عمل ہیں۔ گزشتہ سال مئی میں جب بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کامظاہرہ کیا توپوری قوم اور مسلح افواج نے اتحاد، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ اس موقع پرپاکستانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے معاملے میں وہ ہمیشہ کی طرح سیسہ پلائی دیواربن کر کھڑے رہیں گے۔
ساتھیو! پاکستان ہماری پہچان اورہماری شان ہے۔ یہ ملک ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور دعاؤں کا ثمر ہے۔ اس کی 79 سالہ تاریخ عزم، قربانی اور مسلسل جدوجہد کی داستان ہے۔ اس دوران پاکستانی قوم نے بے شمار چیلنجز کا مقابلہ کیا اور ملک کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے اپنا سفر جاری رکھا۔ الحمدللہ!آج پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہے اور ہماری مسلح افواج جدید ٹیکنالوجی، جدید ہتھیاروں اور دفاعی صلاحیتوں سے لیس ہیں۔ پوری قوم کو اپنی بہادر افواج کی شجاعت، قربانیوں اور خدمات پر فخر ہے۔ تاہم، وطن کی ترقی اور مضبوطی صرف سرحدوں کی حفاظت سے ہی نہیں ہوتی بلکہ تعلیم،سائنس، ٹیکنالوجی، معیشت اور تحقیق کے میدانوں میں ترقی بھی قومی سلامتی اور خوشحالی کے لیےبے حد اہم ہے۔
پیارے بچو! آپ سب پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ آپ کا عزم، محنت اور کردار ہی آنے والے پاکستان کی بنیاد بنے گا۔ اپنے اندر وہ صلاحیتیں پیدا کریں جن سے آپ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔ یاد رکھیے! وطن کی خدمت صرف میدانِ جنگ میں ہی نہیں کی جاتی بلکہ معیشت،زراعت،اطلاعات اور دیگر شعبوں میں علم و تحقیق کو آگے بڑھا کر بھی کی جاسکتی ہے۔آپ کا ہر مثبت قدم اور ایک اچھے شہری کی طرح اپنے فرائض پورے کرناپاکستان کو مضبوط بناسکتا ہے۔ آئیے!آج یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر ہم سب یہ عہد کریں کہ اپنے پیارے وطن پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور سلامتی کے لیے بھرپور محنت کریں گے، اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے اور اپنے کردار و عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں گے۔
 یہ زمیں مقدس ہے ماں کے پیار کی صورت
اس چمن میں تم سب ہو برگ و بار کی صورت
دیکھنا گنوانا مت، دولتِ یقیں لوگو
یہ وطن امانت ہے اور تم امیں لوگو 
(کلیم عثمانی)
اب اجازت دیجیے، ہمیں آپ کی ای میلز اور خطوط کا انتظار رہے گا۔
اللہ نگہبان!