6 ستمبر کو پوری قوم پاکستان کی سلامتی اور دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنے والے بہادروں کو سلامِ عقیدت پیش کرنےکے ساتھ ساتھ اس عہد کی تجدید کرتی ہے کہ اپنے وطن کی خودمختاری، سلامتی اورسالمیت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ پاکستان دو قومی نظریے کی سچائی اورحقیقت کا نشان ہے۔ یہ ہماری شناخت، آزادی اور قومی وقار کی علامت ہے۔ وطن کے شہداء نےاپنے خون سے اس چمن کی حفاظت کی اور ہمیں یہ احساس دلایا کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس حوالےسےنوجوان نسل اپنے دل میں کیا عزم رکھتی ہے، آئیے جانتے ہیں: 



عائشہ صدیقہ
’’اس سال یومِ دفاع و شہداء ایک منفرد رنگ لیے ہوئے ہے۔ یہ رنگ ہماری خوشی، فتح اورناقابلِ تسخیرعزم کا ہے۔ معرکہ حق کی فتح نے یوم دفاع و شہدا کے جذبے اور ولولے کو اور بھی بڑھا دیا ہے۔ 10 مئی کو پوری قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی ہر مکروہ چال اور ناپاک سازش کو ناکام بنا کر ثابت کردیا کہ وہ پاکستان کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ ہم وطن کے اُن رکھوالوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نےاپنی جرأت،بہادری اورقربانی سے دفاعِ وطن کی نئی داستان رقم کی۔‘‘
شایان اختر
’’معرکۂ حق کی کامیابی نےہمارے اس عزم کو مزید پختہ کر دیاہے کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔ شہداء وطن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ان کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ہم ان کے نقشِ قدم پرچلنے اور وطن کی خدمت کا عزم کرتے ہیں۔‘‘ 
فرحان وحید
’’آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد ہر پاکستانی کو اس بات کا یقین ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو مٹا نہیں سکتی۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے ہمیں یہی پیغام دیا تھا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنےکےلیےبناہے۔ اللہ تعالیٰ کا شکرہےکہ اس نے یہ کامیابی ہماری افواج اور پوری قوم کے ماتھے کا جھومر بنائی۔ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں جو مشکل کی گھڑیوں میں قوم کی اُمیدوں پر ہمیشہ پوری اُتری۔‘‘ 
فاطمہ رمضان
’’ہم شہداء وطن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ حصولِ تعلیم کے بعد وطن کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔ بقول ِ شاعرمشرق:
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارا‘‘
رومان یار خان
’’ہمیں اپنے شہداء کی قابلِ فخر قربانیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے جذبۂ حب الوطنی، عزم اور جرأت کونہ صرف اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے بلکہ آئندہ نسلوں تک بھی پہنچاناہے۔ وطن کی حفاظت میں پیش کی جانے والی قربانیاں ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔ افواجِ پاکستان کو سلام۔‘‘ 
ماہم متین
’’یہ دن ہمیں تجدیدِ عہدِ وفا کا موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ وہ عہد ہے جو ہماری بہادر افواج نے وطن کی سلامتی کے تحفظ کے لیے کیا ہے۔ ہماری افواج اس عزم کی پاسدار ہیں اور پوری قوم ہمیشہ کی طرح ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔‘‘
عزا شاہد صدیقی
’’پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر ہماری قومی یکجہتی سے جڑا ہواہے۔ اتحادہماری طاقت ہے اوریہی طاقت مادرِوطن کو ناقابلِ تسخیربناتی ہے۔ ہمارے نوجوان اور طلبہ جوش و جذبے سے سرشار ہیں۔ ہمیں پاکستانی ہونےپر فخر ہے اورپختہ یقین بھی کہ ہم سب اپنے عمل اور کردارسےپاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنائیں گے۔‘‘ 
سیدہ کشف گیلانی
’’ہم اپنے اُن محسنوں اور ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے جنہوں نے پاکستان کی ترقی، استحکام اور سلامتی میں اہم کردار ادا کیا۔ میں شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے جرات و بہادری سے پاکستان کا دفاع ناقابل ِ تسخیر بنادیا۔ ہمارا عزم ہی ہماری شان ہے۔ ہم اپنے سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سر بلندرکھیں گے!‘‘
غلام فاطمہ
’’آج کے دور میں دفاعِ وطن صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود نہیں ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی جھوٹی افواہوں اور ڈس انفارمیشن سے بچنا بھی قومی ذمہ داری ہے۔ ہمیں حقائق پر نظر رکھنی چاہیے، غلط معلومات کی شناخت کرنی چاہیے اور اسے آگے پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے۔‘‘
فیضان علی
’’ہماری نوجوان نسل سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کر رہی ہے۔ یہ نوجوان اُن ستاروں کی مانند ہیں جو اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر قومی افق پر جگمگاتے رہیں گے۔ دفاعِ وطن کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیم، تحقیق، سائنس و ٹیکنالوجی اور قومی خدمت میں کردار ادا کرنا بھی شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ایک انداز ہے۔‘‘ 
ذیشان علی
’’آزادی کے بعدپاکستان کئی امتحانوں سے دوچار ہوا، تاہم اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے یہ جرأت مند قوم ہر مشکل کے سامنے ڈٹ کرہمیشہ سرخرو ہوئی۔ اتحاد و یکجہتی ہمیشہ ہماری طاقت رہی۔ ہم پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔‘‘  
حجاب زہرہ
’’یوم دفاع و شہداءپرمیں سب نوجوانوں کویہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ وہ ہر صورت پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے میں اپنا کردارادا کریں۔ آج کل سوشل میڈیاکے ذریعےہمیں کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ بہت سی جھوٹی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ حقائق پر نظر رکھتے ہوئے ڈس انفارمیشن سے مرعوب ہونے کے بجائے اس کی شناخت کریں اوراس کے قلع قمع کے لیے ڈٹ جائیں۔ ہم سچے پاکستانی ہیں۔ یہ وطن ہماری ترقی،خوشحالی اور آزادی کا نشان ہے۔‘‘
محمد ابراہیم
’’ہم ایک امن پسند قوم ہیں۔ اپنے وطن کی آزادی،سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کےلیےپوری طرح پُرعزم ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔آج کے دن ہم  کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتی ہے۔ انشاء اللہ! وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط اورجبرسے نجات حاصل کرکے آزادی کی صبح دیکھیں گے۔‘‘  
ایشال سہیل
’’پاکستان ہماری پہچان، ہماری آزادی اور ہماری امیدوں کا محور ہے۔ آئیے، اس یومِ دفاع و شہداء پر عہد کریں کہ ہم شہداءکے نقشِ قدم پرچلتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کو اپنا شعار بنائیں گے، سبز ہلالی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گے اور اتحاد و یکجہتی کی طاقت سے وطن کو مزید مضبوط بنائیں گے۔‘‘
شہداء وطن کو سلام!
افواجِ پاکستان کو سلام!
پاکستان ہمیشہ زندہ باد!‘‘